اہل البیت (ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کی رپورٹ کے مطابق میانمار (برما) میں انسانیت کشت جرائم اور مسلمانوں کی نسل کشی، پر عالمی اہل بیت (ع) اسمبلی نے اہم بیان جاری کیا ہے۔
اس بیان میں مسلمانوں کی جان و مال کے تحفظ کی ذمہ داری برما کی حکومت پر عائد کی گئی ہے اور اس حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ تشدد کی ان کاروائیوں کا فوری طور پر خاتمہ کردے اور اس ملک میں ہونے والی مسلم نسل کشی کی جامع رپورٹ عالمی رائے عامہ کے سامنے پیش کرے۔
بیان کا متن درج ذیل ہے:
بسم الله الرحمن الرحیم
میانمار (برما) میں روہینگا مسلمان کے قتل عام کے سلسلے میں شائع ہونے والی خبروں نے دنیا کے مسلمانوں خاص طور پر پیروان اہل بیت (ع) میں شدید تشویش کی لہر دوڑا دی ہے۔
افسوس کا مقام ہے کہ گذشتہ تین عشروں کے دوران روہینگا مسلمانوں کو برمی افواج اور سیکورٹی فورسز کی جانب سے نسلی تصفئے، قتل و جارحیت، زيادتیوں، جبری ترک وطن جیسے مسائل اور انسانی حقوق کی شدید خلاف ورزیوں کا سامنا رہا ہے۔
عالمی اہل بیت (ع) اسمبلی ان جرائم کی شدید مذمت کرتی ہے اور مسلم اقلیت پر روا رکھے جانے والے جرائم و مظالم ـ مسلمانوں کے وسیع قتل عام اور نسل کشی نیز قومی و مذہبی تصفیئے (Ethnic & Religious Cleansing) پر منتج ہوئے ہیں ـ پر افسوس کا اظہار کرتی ہے اور برما کے حکام سے مطالبہ کرتی ہے کہ اس دینی اقلیت کے حقوق کا پاس رکھیں اور اس قتل عام اور نسل کشی کے بارے میں دقیق اور جامع رپورٹ عالمی رائے عامہ کے سامنے پیش کریں اور جلد از جلد ایسے حالات فراہم کریں کہ تشدد آمیز کاروائیوں کا خاتمہ ہو اور مسلمانوں کے لئے پر امن فضا کی فراہمی یقینی ہوجائے۔
بے شک برما کی حکومت ہی کو ـ عوام کے لئے امن و امان قائم کرنے والے حقیقی اور اصلی مرجع کی حیثیت سے ـ قتل عام اور نسل کشی کے خاتمے کے سلسلے میں اقدام کرنا چاہئے کیونکہ یہ
صورت حال، مزيد قابل قبول نہیں ہے۔
عالمی اہل بیت (ع) اسمبلی عالمی فورموں اور اداروں، اسلامی تعاون تنظیم اور مسلم ممالک سے بھی اپیل کرتی ہے کہ برما میں مسلمانوں کی نسل کشی اور مسلم اقلیت کے خلاف جاری تشدد کے خاتمے اور اس بحران زدہ ملک سے ہجرت کرنے والے بے گھر مسلمانوں منجملہ مسلمان عورتوں اور بچوں، کو ریلیف دینے کے لئے فوری اقدامات کریں۔
نیز عالمی اہل بیت (ع) اسمبلی اسلامو فوبیا کی مکروہ، انسانیت کش اور بھونڈی رسم ـ جس کا سرچشمہ مغربی ممالک ہیں ـ کے سلسلے میں خبردار کرتی ہے اور پوری دنیا میں مسلمانوں کے خلاف ہونے والے اس قسم کے امتیازی رویوں کے خاتمے کا مطالبہ کرتی ہے۔
عالمی اہل بیت (ع) اسمبلی
جولائی 2012 _ رمضان 1433
.......
/110